بنگلورو،30/مئی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے باغبانی ایم سی منگولی نے کہا ہے کہ جے ڈی ایس قیادت اگر چاہے تو وہ وزارت سے دستبردار ہونے کے لئے تیار ہیں۔ آج پدمانابھا نگر میں جے ڈی ایس کے قومی صدر اور سابق وزیراعظم دیوے گوڈا سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں کہاکہ جے ڈی ایس قیادت کی طرف سے جو بھی فیصلہ لیا جائے گا وہ اس کے پابند رہیں گے۔ اگر دیوے گوڈا چاہیں کہ وہ وزارت سے مستعفی ہوجائیں تو بلا تاخیر وہ اپنی وزارت سے دستبردار ہوجائیں گے۔ ریاستی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے بارے میں قیاس آرائیوں سے جڑے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس پر فیصلہ پارٹی کے بڑے رہنما کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کو اپنی میعاد پوری کرتے ہوئے عوام کی امنگوں کے مطابق کام کرنا ہے۔ اس کے لئے وہ اپنی وزارت قربان کرنے کے لئے تیار ہیں، لیکن کسی بھی حال میں مخلوط حکومت غیر مستحکم نہیں ہونی چاہئے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے قائدین جو بھی فیصلہ لیں گے اس پر دونوں پارٹیوں کے اراکین اسمبلی کو پابند رہنا چاہئے۔